ایکاتیرنبرگ (وائس آف رشیا) روس کے شہر یکاترِنبرگ میں منعقدہ 16ویں یوریشین اکنامک یوتھ فورم میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی معیشت، علاقائی روابط اور نوجوانوں کے کردار پر اہم خطاب کیا۔
یہ فورم 21 سے 24 اپریل 2026 تک جاری رہا، جس کا عنوان “یوریشین ہم آہنگی: عالمی تبدیلی کے دور میں روس کے عوام کا اتحاد” رکھا گیا تھا۔ اس بین الاقوامی اجتماع میں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین، ماہرین اور سفارتی شخصیات شریک ہوئیں۔
اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر نے پاکستان اور روس کے تعلقات، علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام میں پاکستان کے اسٹریٹجک کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل عالمی تجارت اور سفارتکاری کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

سفیر ترمذی نے یورال اسٹیٹ یونیورسٹی آف اکنامکس میں زیر تعلیم وسطی اور جنوبی ایشیائی طلبہ کو ایک خصوصی لیکچر بھی دیا، جس میں “پاکستان، روس تعلقات اور یوریشین رابطہ کاری کا فریم ورک” کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اسوردلووسک ریجن کے نائب گورنر نے ان کے خیالات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے نوجوان سفارتکاروں اور طلبہ سے بھی ملاقات کی اور موجودہ عالمی سیاسی صورتحال، خصوصاً مشرق وسطیٰ کے بحران اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اس بحران کو کم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ یوریشین اکنامک یوتھ فورم نوجوان رہنماؤں اور ماہرین کو عالمی معاشی چیلنجز پر گفتگو کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس سال فورم میں 117 ممالک سے 24 ہزار سے زائد شرکاء، 90 سے زائد سفارتی نمائندے اور 500 سے زائد بین الاقوامی ماہرین شریک ہوئے۔










