ماسکو(وائس آف رشیا) روسی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئیگو نے فن لینڈ اور بالٹک ریاستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جو مبینہ طور پر فن لینڈ اور بالٹک ممالک کے راستے کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں اور سول انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
شوئیگو کے مطابق اس صورتحال کی دو ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں: یا تو مغربی فضائی دفاعی نظام غیر مؤثر ہیں، یا متعلقہ ممالک جان بوجھ کر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دوسری صورت درست ہوئی تو یہ براہ راست جارحیت میں شمولیت کے مترادف ہوگا اور ایسے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہوگا۔
روسی حکام کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں کے باعث شہری تنصیبات کو نمایاں نقصان پہنچ رہا ہے، جس پر ماسکو نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔









