روس عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ دیرپا امن چاہتا ہے: کریملن

ماسکو(وائس آف رشیا) کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس یوکرین کے ساتھ محض عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ مستقل اور پائیدار امن کا خواہاں ہے۔

پیسکوف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ متعدد بار ولادیمیر پیوٹن بھی واضح کر چکے ہیں، روس کا مقصد صرف فائر بندی نہیں بلکہ ایک مستحکم اور دیرپا امن کا قیام ہے۔

یاد رہے کہ روسی صدر نے حال ہی میں 11 اپریل کی شام 4 بجے سے 12 اپریل کے اختتام تک ایسٹر کے موقع پر عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت روسی افواج کو تمام محاذوں پر کارروائیاں روکنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ حملے کے جواب کے لیے تیار رہنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین تنازع کے آغاز کے بعد یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ روس کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم ماضی میں ایسے اقدامات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

کریملن کے مطابق اس کا اصل ہدف یوکرین کے ساتھ ایک ایسا حل تلاش کرنا ہے جو خطے میں طویل المدتی استحکام اور امن کو یقینی بنا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں