ماسکو(وائس آف رشیا) ولادیمیر پوتن نے ایسٹر کے موقع پر عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔
کریملن کے بیان کے مطابق یہ جنگ بندی 11 اپریل کی شام 4 بجے سے شروع ہو کر 12 اپریل کے اختتام تک جاری رہے گی۔ اس دوران روسی افواج کو تمام محاذوں پر کارروائیاں روکنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کو توقع ہے کہ یوکرین بھی اس اقدام کی پیروی کرے گا اور جنگ بندی کی حمایت کرے گا۔
مزید ہدایت دی گئی ہے کہ اگرچہ اس عرصے میں فوجی کارروائیاں معطل رہیں گی، تاہم روسی افواج کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی یا حملے کا جواب دینے کے لیے تیار رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی روس نے ایسٹر کے موقع پر عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جو تین دن تک جاری رہی تھی۔









