یورپی یونین روس کے خلاف نیٹو سے بھی زیادہ خطرناک فوجی اتحاد بن سکتی ہے: دیمتری میدویدیف

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین مستقبل میں روس کے خلاف ایک انتہائی مخالف فوجی اتحاد میں تبدیل ہو سکتی ہے، جو بعض پہلوؤں میں نیٹو سے بھی زیادہ خطرناک ہوگا۔

روسی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے اندر موجود اختلافات ایران سے متعلق حالیہ صورتحال کے باعث مزید گہرے ہوگئے ہیں، جبکہ برسلز میں کچھ حلقے یورپی یونین کو ایک مکمل فوجی ڈھانچے میں تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں روس کا یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے موقف نسبتاً نرم اور محتاط رہا ہے، حتیٰ کہ یوکرین کے معاملے میں بھی ماسکو نے سخت ردعمل نہیں دیا۔ تاہم اب صورتحال بدل رہی ہے۔

دیمتری میدویدیف کے مطابق یورپی یونین اب صرف ایک اقتصادی اتحاد نہیں رہی بلکہ تیزی سے ایک ایسے فوجی اتحاد کی شکل اختیار کر سکتی ہے جو روس کے لیے براہِ راست خطرہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو روس کو اپنے پڑوسی ممالک کے یورپی یونین میں شامل ہونے کے معاملے پر اپنے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ کوئی ملک بیک وقت یورپی یونین اور یوریشین اکنامک یونین دونوں کا حصہ نہیں بن سکتا۔

میویدیف نے زور دیا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے پیش نظر روس کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں