کریمیا میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، تمام 29 افراد ہلاک

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی وزارتِ دفاع کے مطابق کریمیا میں روسی فوج کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 29 افراد ہلاک ہوگئے۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ An-26 تھا، جو ایک معمول کی پرواز پر تھا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد یہ کریمیا کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 6 عملے کے ارکان اور 23 مسافر سوار تھے، جو سب کے سب حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

روسی حکام نے واضح کیا ہے کہ طیارے پر کسی بیرونی حملے کے شواہد نہیں ملے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ حادثہ کسی فوجی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا۔ جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی ہو سکتی ہے۔

روسی نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ ممکنہ طور پر پہاڑی علاقے سے ٹکرا کر تباہ ہوا، جبکہ Рروسی میڈیا نے بھی تکنیکی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ An-26 ایک دو انجن والا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، جو فوجیوں کی نقل و حمل، پیرا ٹروپرز کی تعیناتی اور زخمیوں کے انخلاء کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں