امریکہ نورڈ اسٹریم پر کنٹرول اور عالمی توانائی منڈیوں پر غلبہ چاہتا ہے: سرگئی لاوروف

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائنز پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے اور عالمی توانائی منڈیوں پر غلبہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ماسکو کو واشنگٹن کی جانب سے نہ صرف توانائی کے عالمی نظام پر اثرانداز ہونے کی خواہش نظر آ رہی ہے بلکہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے میں بھی دلچسپی واضح ہے۔

لاوروف کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئیں جب مذاکرات جاری تھے، جس سے امریکی پالیسی پر سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت کے باوجود مغرب صرف تہران سے تحمل کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ امریکہ اور اسرائیل کو جنگ روکنے کے لیے نہیں کہا جا رہا۔ ان کے بقول مسئلے کا بنیادی حل یہی ہے کہ ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیاں بند کی جائیں۔

توانائی کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں نہیں، بلکہ وہ اپنی توانائی سے متعلق ذمہ داریاں ہر حال میں پوری کرے گا۔

نورڈ اسٹریم پائپ لائنز کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تنصیبات یوکرینی تخریب کاروں نے مغربی انٹیلی جنس اداروں کی مبینہ حمایت سے تباہ کیں، جبکہ مغربی ممالک، خصوصاً جرمنی، نے اس واقعے کی کھل کر مذمت نہیں کی۔

یوکرین تنازع پر بات کرتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ یورپی ممالک نے اس بحران کو ہوا دے کر بڑی غلطی کی ہے اور اب وہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کے یوکرین میں مغربی افواج کی تعیناتی کے بیان کو “کھلی مداخلت” قرار دیا۔

روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان جوہری توازن اور اسٹریٹجک استحکام پر بات چیت کے لیے حالات ابھی سازگار نہیں ہیں، جبکہ مغربی پابندیوں کو انہوں نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روس عالمی سطح پر استحکام، مکالمے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں