ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوریشین اکنامک یونین (ای اے ای یو) کے رکن ممالک کو ایک لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے نقد روبل لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق صدرپوتن نے اس حوالے سے ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت یکم اپریل سے روس سے ای اے ای یو ممالک کو نقد روبل اس حد سے زیادہ لے جانا ممنوع ہوگا، جس کی مالیت روسی مرکزی بینک کے مقررہ زر مبادلہ ریٹ کے مطابق ایک لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ بنتی ہو۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق روسی کرنسی کو بیرونِ ملک منتقل کرنے کے عمل پر ہوگا، تاہم بعض مخصوص صورتوں میں استثنا بھی دیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ یوریشین اکنامک یونین میں روس کے علاوہ بیلاروس، قازقستان، آرمینیا اور کرغزستان شامل ہیں، اور اس فیصلے کو خطے میں مالیاتی کنٹرول سخت کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔









