ماسکو(وائس آف رشیا) روس کا دارالحکومت ماسکو شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں بعض علاقوں میں برف کی تہہ 80 سینٹی میٹر (تقریباً تین فٹ) تک جا پہنچی۔ یہ مقدار گزشتہ 72 برسوں میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ برف باری قرار دی جا رہی ہے۔
عالمی ادارۂ موسمیات World Meteorological Organization کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماسکو کا وینوکوو ضلع دنیا کے اُن مقامات میں شامل رہا جہاں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق 19 فروری کی شب ماسکو اور مضافاتی علاقوں میں شدید برف باری ایک ایسے سائیکلون کے باعث شرور ہوئی جو ایڈریاٹک سمندر کے شمالی حصے سے وسطی روس کی جانب بڑھا۔
پیشگوئی کے مطابق جمعرات کو صبح 3 بجے سے رات 9 بجے (ماسکو وقت) تک تقریباً 25 ملی میٹر تک بارش/برف باری متوقع تھی، جبکہ برف کی تہہ میں مزید 25 سے 31 سینٹی میٹر تک اضافہ ممکن تھا۔
طوفان سے قبل وی ڈی این خے میں قائم مرکزی موسمی اسٹیشن پر اس پورے موسمِ سرما میں برف کی اوسط تہہ 43 سینٹی میٹر تھی، جو اب دوگنی کے قریب پہنچ چکی ہے۔
روسی ہائیڈرو میٹیورولوجیکل سینٹر کے مطابق شدید برف باری کے باعث جاری کیا گیا بلند ترین موسمی الرٹ واپس لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر ماسکو ریجن میں “اورنج الرٹ” نافذ کیا گیا تھا، جس میں قدرتی آفات اور نقصانات کے خدشات کا انتباہ شامل تھا، تاہم اب اسے کم کر کے درمیانے درجے کے “ییلو الرٹ” پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
روسی فضائی اتھارٹی کے مطابق شدید برف باری اور تیز ہواؤں کے باعث ماسکو کے ائیرپورٹس پر آٹھ طیاروں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا جبکہ 40 پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں سات غیر ملکی ایئرلائنز تھیں۔
برف باری کے باعث شام کے اوقات میں ماسکو کی سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال انتہائی خراب رہی۔ یانڈیکس ٹریفک سروس کے مطابق رش کی شدت 10 میں سے 9 درجے تک پہنچ گئی۔
ماسکو کے نائب میئر پیوتر بیریوکوف کے مطابق بلدیاتی اداروں کی تمام خصوصی مشینری برف صاف کرنے کے لیے متحرک کر دی گئی ہے۔
مرکزی شاہراہوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی جاری ہے۔ عمارتوں کی چھتوں، نالیوں اور بیرونی حصوں سے برف اور برفانی تودے ہٹائے جا رہے ہیں۔ ماسکو رنگ روڈ اور دیگر اضلاع میں بھاری گاڑیوں کی مدد کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں۔
ماسکو ریلوے کے مطابق رات بھر تقریباً 2 ہزار کلومیٹر ٹریک برف سے صاف کیے گئے.. اس عمل میں 1,700 سے زائد کارکن اور 103 خصوصی مشینیں شریک رہیں، جبکہ آج 132 برف صاف کرنے والی گاڑیاں لائن پر تعینات کی گئیں۔
تمام سرگرمیوں کی نگرانی ایک خصوصی ٹاسک فورس کر رہی ہے تاکہ ریلوے ٹریفک متاثر نہ ہو۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں، بلدیاتی مشینری کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
شدید برف باری کے اس غیر معمولی واقعے نے ماسکو کو ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ روسی دارالحکومت میں موسمِ سرما اپنی پوری شدت کے ساتھ کسی بھی وقت شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ شاہد گھمن دنیا نیوز ماسکو روس









