ماسکو: پاکستانی سفارتخانے میں یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب، بھارت کی پالیسیوں پر سخت تنقید

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کے سفارتخانے میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ تلاوت مولانا علی اکبر نے کی۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام ڈپٹی ہیڈ آف مشن گیان چند نے پڑھ کر سنایا، جبکہ وزیراعظمِ پاکستان شہباز شریف کا پیغام فرسٹ سیکرٹری حبیب منیر نے شرکاء کو سنایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود دنیا کے قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

سفیر پاکستان نے بھارت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو بیج آج بھارت بو رہا ہے، اس کا خمیازہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا۔” انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھیل جیسے غیر سیاسی شعبے کو بھی سیاست کی نذر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کرکٹ کو بھی پولیٹیسائز کر دیا ہے، آپ نے دیکھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش نے اس حوالے سے درست اور باوقار فیصلہ کیا۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے واضح کیا کہ عزت سے بڑی کوئی چیز نہیں، اگر عزت ہے تو سب کچھ ہے، اور اگر عزت نہ ہو تو کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی ضمانت ہے بلکہ پورے خطے میں معاشی ترقی اور رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

تقریب کے اختتام پر بھارتی افواج کی جانب سے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی، جبکہ تصاویر پر مشتمل نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں