ماسکو( وائس آف رشیا) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان ماسکو کے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی تھے۔
تقریب میں نئے تعینات ہونے والے قونصلر سلمان خالد خان، ممتاز بزنس مین ڈاکٹر طارق چودھری، نائب صدر پاکستان کمیونٹی روس رضوان غنی، ڈاکٹر بابر اسلام، ڈاکٹر عارف اسلام، عامر سعید، آصف صدیقی، راجہ قدیر اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ قونصلر رانا محمد خالد ضیا نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں اور سفارت خانے و کمیونٹی کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا۔
قونصلر رانا محمد خالد ضیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ روس میں تعیناتی کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویزا پراسس، قونصلر امور اور دیگر مسائل کے حل کے لیے انہوں نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر کام کیا اور ڈاکٹر طارق چوہدری سمیت کمیونٹی کی سپورٹ کو سراہا۔
نئے تعینات ہونے والے قونصلر سلمان خالد خان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور وہ اپنے پیشرو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی، جو پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز اور سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے مشترکہ طور پر پیش کی۔
تقریب کے میزبان اور پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت قابل، محنتی اور ذمہ دار افسر تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قونصلر رانا خالد ضیا ہر وقت پہلی کال پر دستیاب رہتے تھے اور روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کرتے رہے۔ ان کا دورِ تعیناتی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثالی اور یادگار دور ثابت ہوا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ دیگر معزز مہمانوں نے بھی ان کی خدمات کو سراہا۔ یہ الوداعی تقریب خوشگوار اور محبت و احترام سے بھرپور ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔































