ماسکو: سفیرفیصل نیاز ترمزی کا ایچ ایس ای یونیورسٹی میں یوریشیائی رابطہ کاری اور پاک روس تعلقات پر خطاب

ماسکو(وائس آف رشیا) ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روس کی معروف جامعہ ہائر اسکول آف اکنامکس (HSE) میں یوریشیائی رابطہ کاری اور ابھرتے ہوئے پاک روس تعلقات پر تفصیلی لیکچر دیا۔ یہ لیکچر جامعہ کے فیکلٹی آف ورلڈ اکانومی اینڈ انٹرنیشنل افیئرز کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے علاوہ اساتذہ کرام نے بھی شرکت کی۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات، خطے میں پاکستان کے جیو اسٹریٹجک کردار اور یوریشیائی خطے میں بڑھتی ہوئی معاشی و تجارتی رابطہ کاری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان یوریشیا میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے تعلیمی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علمی اور تعلیمی روابط دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور ایسے فورمز مستقبل کے سفارت کاروں اور ماہرینِ معیشت کو خطے کی جغرافیائی سیاست کو براہِ راست سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

لیکچر کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور علاقائی سلامتی جیسے موضوعات پر سفیر پاکستان سے سوالات کیے۔

شرکاء نے لیکچر کو معلوماتی اور بصیرت افروز قرار دیتے ہوئے پاک روس تعلقات کے فروغ میں ایسے تعلیمی مکالموں کو خوش آئند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں