ماسکو: (وائس آف رشیا) روسی فیڈریشن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر، جناب فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس ریکٹر برائے بین الاقوامی امور یولیا داویدووا اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے پاکستانی طلبہ کے لیے روسی اسکالرشپس میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا اور تعلیم، ثقافت، تجارت اور عوامی روابط کے ذریعے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی تعاون دونوں دوست ممالک کے سیاسی اور سرکاری تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سفیر پاکستان نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل اور سوالات پر کھلے دل سے گفتگو کی۔
دورے کے دوران سفیر پاکستان کو یونیورسٹی کی آٹوموبائل شو رومز اور لیبارٹریز کا بھی دورہ کرایا گیا، جہاں طلبہ گاڑیوں کے ڈیزائن اور تیاری کے عملی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان کو ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی میں ایک لیکچر دینے کی دعوت بھی دی گئی۔












