ماسکو( وائس آف رشیا) روس نے اپنے نیوکلیئر اینڈ کیمیکل پروٹیکشن فورسز کے سربراہ ایگور کیریلوف کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔جنرل کیریلوف منگل کے روز ماسکو میں اپنے گھر کے سامنے ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ یوکرین نے اس بم حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
روسی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمیتری مدی دیف نے سال 2025 کے لئے حکومت کے دفاعی معاہدات سے متعلق اجلاس کے دوران بتایا کہ ان کا ملک کیئف پر دباو برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے روسی اداروں اور ایجنسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنرل کیریلوف کے ذمہ داروں کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے روسی نیوکلیئر اینڈ کیمیکل پروٹیکشن فورسز کے سربراہ ، ایگور کیریلوف کی ہلاکت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ، میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ امریکہ اس کے بارے میں پہلے سے آگاہ نہیں تھا اور وہ اس میں ملوث نہیں تھا۔









