روسی افواج تمام محاذوں پر پیش قدمی کر رہی ہیں، 17 بستیاں واگذار، جنرل اسٹاف چیف

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف آرمی جنرل ویلری گیراسیموف نے کہا ہے کہ یوکرین کے خلاف جاری خصوصی فوجی آپریشن کے دوران روسی افواج تمام محاذوں پر پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق جنوری کے آغاز سے اب تک روسی فورسز 17 بستیوں اور 500 مربع کلومیٹر سے زائد علاقے پر کنٹرول حاصل کر چکی ہیں۔

گیراسیموف نے اپنے دورۂ محاذ جنگ سے واپسی پر بتایا کہ بیٹل گروپ نارتھ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی زون کو وسعت دینے کی کارروائیوں میں مصروف ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران چار بستیوں کو یوکرینی کنٹرول سے آزاد کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارکیف ریجن میں بیٹل گروپ ویسٹ نے کُپیانسک-اُزلوی کو بھی واگذار کروایا ہے اور اس وقت قصبے میں صفائی اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ روسی فوج کے مطابق کووشارووکا اور گلوشووکا کے علاقوں میں لڑائی جاری ہے جہاں تقریباً 800 یوکرینی فوجی ایک محدود علاقے میں گھیرے میں ہیں۔

دوسری جانب روبٹسی اور کراسنی لیمن کے محور پر روسی افواج کی پیش قدمی جاری ہے اور 20ویں آرمی کے یونٹس دروبی شیوو، یارویایا اور سوسنووئے کے آخری حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہیں جبکہ ان علاقوں میں 90 فیصد رہائشی ڈھانچے روسی کنٹرول میں بتائے گئے ہیں۔

گیراسیموف کے مطابق دونیتسک پیپلز ریپبلک میں بیٹل گروپ ساؤتھ نے سلاویانسک کی سمت پیش قدمی تیز کرتے ہوئے بوندارنویے، زاکوتنویے اور پریوولنویے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ کانستانتینووکا میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

اسی دوران بیٹل گروپ ایسٹ زابوروزیے کے مشرقی حصوں میں پیش قدمی کر رہا ہے اور اس کے بعض یونٹس دنیپروپیٹرووسک ریجن میں سیکیورٹی زون کے قیام کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں۔ جنوری میں اس گروپ نے چار بستیوں کو واگذار کروایا۔

گیراسیموف نے بتایا کہ بیٹل گروپ دنیپر نے بھی چار بستیاں آزاد کروائیں اور اس کے فاروڈ یونٹس اس وقت زابوروزیے شہر کے جنوب اور جنوب مشرقی کناروں سے تقریباً 12 تا 14 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں