ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹیٹیوٹ آف اورینٹل اسٹڈیز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی کی ملاقات ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی کبر علی کبروف، مڈل ایسٹ اسٹڈی سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر ویاچسلاو بیلوکرینیٹسکی، پاکستان سیکٹر کے اراکین اور دیگر ممتاز ماہرینِ تعلیم سے ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں ممکنہ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ گفتگو میں سوویت یونین اور روس میں اورینٹل اسٹڈیز کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے معروف محقق پروفیسر یوری گانکوفسکی کی پاکستان اسٹڈیز میں خدمات کو سراہا۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یاد دلایا کہ ان کی 1995 میں ماسکو میں پروفیسر یوری گانکوفسکی سے ذاتی ملاقات ہوئی تھی اور پاکستان میں ان کے علمی کام کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ملاقات میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ انسٹیٹیوٹ آف اورینٹل اسٹڈیز کے تین محققین کو پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز ستارۂ امتیاز دیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ روس میں ان کی اولین ترجیح عوامی سطح پر روابط، بالخصوص تعلیمی و علمی شعبے میں تعاون کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ہمارے روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں۔
دونوں فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ علمی منصوبوں کے ذریعے تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔











