جدہ (عاطف وٹو سے) مکہ مکرمہ میں عمرے کی سعادت کے لیے آئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں یونائٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی صحافیوں کی جانب سے عشائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وفد کی قیادت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس اور چیف رپورٹر اے آر وائی نیوز سندھ لالا اسد پٹھان کر رہے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان نے کہا کہ سکھر پریس کلب سندھ کے عوام کی بھرپور آواز ہے اور لالا اسد پٹھان کی قیادت میں یہ پاکستان کا واحد پریس کلب ہے جو ہر سال صحافیوں کو عمرے کی سعادت کے لیے بھیجتا ہے، جو ایک قابلِ تحسین روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب صحافیوں کے درمیان اتحاد، باہمی احترام اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دیتی ہیں۔
لالا اسد پٹھان نے اپنے خطاب میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے آنے والے صحافیوں کے اس وفد کے تمام اخراجات سکھر پریس کلب اور وہ ذاتی طور پر برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام پاکستان اور سعودی عرب میں کام کرنے والے صحافیوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور صحافت کی آزادی اور اظہارِ رائے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
عشائیہ تقریب میں سکھر پریس کلب، سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سعودی عرب میں مختلف پاکستانی میڈیا اداروں سے وابستہ سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔









