سینٹ پیٹرزبرگ(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ایک طرف ماسکو سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ یوکرین کے بنیادی ڈھانچے پر حملے بند کرے، جبکہ دوسری جانب روسی علاقوں پر یوکرینی ڈرون حملے مسلسل جاری ہیں۔
لینین گراڈ ریجن کے گورنر الیکساندر دروزڈینکو نے صدر پوتن کو علاقے کو ڈرون حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ گورنر کے مطابق 17 میں سے 16 انسٹالیشنز کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جن کی مشترکہ فنڈنگ کی گئی، اور ان کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
دروزڈینکو نے بتایا کہ “حملوں کی کوششیں جاری ہیں، لیکن ہم نے حفاظتی اقدامات موثر بنا دیے ہیں”۔ اس پر صدر پوتن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ “ہم پر کہا جا رہا ہے کہ ہم یہ نہ کریں، لیکن ادھر حملے مسلسل ہو رہے ہیں”۔
ولادیمیر پوتن ان دنوں سینٹ پیٹرزبرگ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ملائیشیا کے سلطان ابراہیم سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ منگل کو وہ دوسری جنگ عظیم کے دوران لینین گراڈ کے محاصرے کے خاتمے کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔









