سرگودھا (وائس آف رشیا) پنجاب پولیس کے قابل اور محنتی افسر ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ کو اُن کی شاندار خدمات، پیشہ ورانہ کارکردگی اور مؤثر قیادت کے اعتراف میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی کے ساتھ ہی انہیں ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا کا اہم انتظامی و تفتیشی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس کے مطابق عمران عباس چدھڑ نے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال کر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے ڈسٹرکٹ انویسٹیگیشن برانچ کے افسران کے ساتھ ابتدائی میٹنگ کی، جاری کیسز، تفتیشی معیار اور زیرِ التواء مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ آئندہ کی حکمتِ عملی کے خدوخال بھی طے کیے۔

ذرائع کے مطابق ایس پی عمران عباس چدھڑ نے ہدایت کی ہے کہ تمام تفتیشی افسران مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنائیں، شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو مقدم رکھیں اور سنگین نوعیت کے کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے قانون کی عملداری، جرائم کی بیخ کنی اور عوامی اعتماد کی بحالی کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیا۔
پولیس حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تعیناتی سے ضلع سرگودھا میں تفتیشی نظام مزید مضبوط ہوگا اور زیرِ التواء مقدمات کی شرح میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے بھی عمران عباس چدھڑ کو ایس پی کے عہدے پر ترقی ملنے اور ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔









