اسلام آباد (محمد شہریارشاہد سے) پاکستان کے روس میں سفیر عزت مآب فیصل نیاز ترمذی نے گزشتہ روز 52ویں کامن کے ایف ایس پی افسروں سے ملاقات کی جس میں 21ویں صدی میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کی بدلتی ہوئی نوعیت اور مستقبل کے سفارتی تقاضوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سفیر فیصل ترمذی نے زور دیا کہ عالمی سطح پر جغرافیائی سیاست، توانائی تعاون، علاقائی سلامتی، دفاعی سطح پر روابط اور اقتصادی شراکت داری نے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سفارت کاری معاشی تعاون، ٹیکنالوجی، صحت اور عوامی سفارت کاری جیسے شعبوں میں بھی اپنے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہے۔
انہوں نے ایف ایس پی افسروں کو بتایا کہ ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جہاں کثیر الجہتی تعاون کے دروازے مزید کھل رہے ہیں اور دونوں ممالک اعتماد اور باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نوجوان افسروں نے بھی مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی ترجیحات، روس کی عالمی پوزیشن اور خطے کے مستقبل کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کیا۔
سفیر فیصل ترمذی نے مستقبل کے سفارت کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ بدلتے ہوئے بین الاقوامی ماحول کو سمجھتے ہوئے عملی، مؤثر اور جدید سفارتی تکنیکوں سے خود کو ہم آہنگ کریں تاکہ پاکستان کا عالمی کردار مزید مضبوط ممکن ہو سکے۔










