پاکستان اور روس کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے اسٹریٹجک روڈ میپ

اسلام آباد (محمد شہریارشاہد) پاکستان کے روس میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے گزشتہ روز ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کا دورہ کیا جہاں پاکستان اور روس کے درمیان صحت اور ادویات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک روڈ میپ پر وسیع مشاورت ہوئی۔

دورانِ ملاقات اعلیٰ سطح پر ہونے والی گفتگو چار اہم ستونوں کے گرد مرکوز رہی، جن میں اول، روسی فیڈریشن میں پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات کا دائرہ وسیع کرنا؛ دوم، ویکسین کی مشترکہ تیاری اور متعلقہ ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر منتقل کرنا؛ سوم، میڈیکل ٹیکنالوجی کے معیار اور ضوابط کو ہم آہنگ کرنا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ساز و سامان کے تبادلے میں رکاوٹیں کم کی جا سکیں؛ اور چہارم، خصوصی طبی تربیت کے لیے مشترکہ فریم ورک تشکیل دینا شامل تھے.

حکام کے مطابق اس رابطے کا مقصد مستقبل قریب میں ادویات سازی، ویکسین سازی، طبی نیٹ ورکنگ اور ریگولیٹری ہم آہنگی جیسے شعبوں میں عملی پیش رفت کو ممکن بنانا ہے۔ اس موقع پر DRAP کے نمائندوں نے کہا کہ اتھارٹی پاکستان کے تھیراپیوٹک گڈز سیکٹر کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے ہی فارماسیوٹیکل صنعت میں خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر اپنی جگہ بنا رہا ہے جبکہ روس کے ساتھ تعاون سے نہ صرف برآمدی مواقع بڑھیں گے بلکہ صنعتی اور تکنیکی ترقی کے نئے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔

اس رابطے کو دونوں ملکوں کے درمیان صحت کے شعبے کی سفارت کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں