ماسکو(وائس آف رشیا) روس بھر میں آج 7 جنوری کو آرتھوڈوکس مسیحیوں نے حضرت عیسیٰؑ کی ولادت کی یاد میں کرسمس کا مقدس تہوار نہایت عقیدت، روحانی جوش اور مذہبی احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی عبادات، دعائیہ تقاریب اور رات بھر جاری رہنے والی مذہبی رسومات کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے آرتھوڈوکس کرسمس کے موقع پر روسی عوام اور دنیا بھر کے مسیحیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس کا یہ مقدس دن دنیا کو محبت، خیرسگالی اور انسانی ہمدردی کا پیغام دیتا ہے اور لوگوں کو روحانی اقدار سے جوڑتا ہے۔
صدر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ عظیم مذہبی تہوار لاکھوں افراد کے دلوں میں امید، اخوت اور خیر کی روشنی پیدا کرتا ہے اور ان روحانی روایات کی یاد دلاتا ہے جو صدیوں سے نسل در نسل منتقل ہوتی چلی آ رہی ہیں۔
انہوں نے روسی آرتھوڈوکس چرچ اور دیگر مسیحی فرقوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے معاشرتی ہم آہنگی، تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور نوجوان نسل کی اخلاقی و حب الوطنی پر مبنی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر پوتن نے کہا کہ مذہبی ادارے نہ صرف فلاحی اور خیراتی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں بلکہ ضرورت مند افراد، معذوروں اور خصوصی فوجی آپریشن میں شریک فوجیوں اور سابق فوجیوں کی معاونت بھی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مذہبی تنظیمیں روس میں بین المذاہب اور بین النسلی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
کریملن کے مطابق صدر ولادیمیر پوتن نے اس سال ماسکو ریجن میں واقع چرچ آف دی گریٹ مارٹر سینٹ جارج دی وکٹریئس میں رات بھر جاری رہنے والی آرتھوڈوکس کرسمس عبادت میں شرکت کی۔ عبادت کے اختتام پر صدر نے چرچ میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔
ملک بھر میں گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ روسی عوام نے اس موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی، شمعیں روشن کیں اور دعاؤں میں امن، استحکام اور خوشحالی کی التجا کی۔
آرتھوڈوکس مسیحی روایات کے مطابق روس میں کرسمس جولین کیلنڈر کے تحت 7 جنوری کو منایا جاتا ہے، جو گریگورین کیلنڈر سے 13 دن پیچھے ہے۔ اس مذہبی دن کی مناسبت سے روس میں سرکاری سطح پر بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔









