![]()
انقرہ(وائس آف رشیا) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں وینزویلا، غزہ، دوطرفہ تعلقات، دفاعی صنعت اور تجارتی تعاون سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے ترکی اور امریکا کے درمیان سیاسی تعلقات، دفاعی شعبے میں تعاون، اور دوطرفہ تجارت کو طے شدہ ہدف تک پہنچانے کے لیے ضروری اقدامات پر بات چیت کی۔ اس کے علاوہ غزہ اور وینزویلا کی تازہ صورتحال بھی گفتگو کا اہم حصہ رہی۔
صدر اردوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی نے وینزویلا سے متعلق معاملات پر اپنے مؤقف سے امریکی قیادت کو آگاہ کیا، خصوصاً اُن حساس امور پر جو ترکی کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
ترک صدر کے مطابق ان مسائل پر ترکی کا نقطۂ نظر واضح انداز میں پیش کیا گیا، تاکہ علاقائی استحکام اور سفارتی حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب وینزویلا میں حالیہ امریکی کارروائیوں اور غزہ کی جاری صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، اور مختلف ممالک سفارتی سطح پر اپنا مؤقف سامنے لا رہے ہیں۔









