امریکا وینزویلا سے حالتِ جنگ میں نہیں، منشیات فروشوں کے خلاف جنگ ہے: صدر ٹرمپ


نیو یارک (وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا وینزویلا کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں ہے، بلکہ اس کی جنگ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ہے۔

این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ “نہیں، ہم وینزویلا سے جنگ میں نہیں ہیں۔ ہم ان لوگوں سے جنگ کر رہے ہیں جو منشیات فروخت کرتے ہیں، جو اپنے ملکوں کی جیلوں، نشے کے عادی افراد اور ذہنی اداروں کے مریضوں کو ہمارے ملک میں بھیجتے ہیں۔”

صدر ٹرمپ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ وینزویلا میں آئندہ تیس دن کے دوران نئے انتخابات کا انعقاد ممکن ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے نزدیک موجودہ حالات میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

امریکی صدر کے مطابق، “ہمیں پہلے اس ملک کو درست کرنا ہو گا۔ ایسے حالات میں انتخابات نہیں ہو سکتے، عوام ووٹ ڈالنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہوں گے۔ اس میں وقت لگے گا، ہمیں ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہو گا۔”

صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ وینزویلا سے متعلق امور دیکھنے کے لیے امریکی حکومت کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ، وائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور نائب صدر جے ڈی وینس شامل ہوں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ تمام شخصیات مختلف شعبوں میں مہارت رکھتی ہیں اور وینزویلا سے متعلق معاملات میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں