ماسکو(وائس آف رشیا) روس کی نیوکلیئر پروٹیکشن فورس کا سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کے باہر بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے، وہ روسی جوہری تحفظ فورس کے چیف تھے۔
روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ جوہری حفاظتی دستوں کے انچارج کو الیکٹرک اسکوٹر میں چھپائے گئے بم سے نشانہ بنایا گیا، اس واقعے میں سینئر روسی جنرل سمیت ان کا ایک معاون بھی ہلاک ہوا۔
ایگور کیریلوف ریڈیولوجیکل، کیمیکل اور بائیولوجیکل ڈیفنس کے دستوں کے سربراہ تھے، روس کے یہ خصوصی دستے ہیں جو تابکار، کیمیائی اور حیاتیاتی آلودگی کے حالات میں کام کرتے ہیں۔
روسی ٹاس نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ دھماکا خیز ڈیوائس میں 300 گرام دھماکا خیز مواد تھا۔ روسی ٹیلیگرام چینلز پر پوسٹ کی گئی تصویروں میں عمارت کے داخلی دروازے پر ملبہ اور خون آلود برف میں دو لاشیں پڑی دکھائی دے رہی ہیں۔










