یواین (وائس آف رشیا) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو امریکی فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری پر منتج ہوئی۔ اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے اس پیش رفت کو ایک خطرناک مثال قرار دیا ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات بین الاقوامی قانون، خصوصاً اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہیں، جو عالمی امن و سلامتی کے لیے تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کا مکمل احترام ناگزیر ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے وینزویلا میں تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہوئے جامع اور بامقصد مکالمے کا راستہ اختیار کریں، تاکہ بحران کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔









