ماسکو (وائس آف رشیا) روس میں ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جاری منصوبے ’’نیو ایئر کیپیٹل آف رشیا‘‘ کے تحت شہر ریازان کو سال 2026 کے لیے ایک بار پھر یہ اعزاز دے دیا گیا ہے۔ ریازان اس اعزاز کو حاصل کرنے والا پہلا شہر بن گیا ہے جسے دوسری مرتبہ نیو ایئر کیپیٹل منتخب کیا گیا۔ اس سے قبل ریازان کو یہ اعزاز 2020 میں بھی ملا تھا۔
یہ تہوارانہ میراتھن 13 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک جاری رہے گا، جس کا مرکزی مقام ریازان کا شہرِ وسطیٰ ہوگا۔ اسی مقام پر مرکزی اسٹیج اور نئے سال کا مرکزی درخت نصب کیا جائے گا، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے میلے، ثقافتی نمائشیں، فوڈ فیسٹیولز، آرٹ آبجیکٹس، تخلیقی ورکشاپس، فوٹو زونز اور اسکیٹنگ رِنک بھی قائم کیے جائیں گے۔
روسی وزارتِ ثقافت کی جانب سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد اندرونی و غیر ملکی سیاحت، ثقافتی ورثے اور علاقائی روایات کو اجاگر کرنا ہے۔ ہر سال ایک شہر کو اس بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد کرنے، سیاحوں کی میزبانی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی صلاحیت رکھتا ہو۔
ریازان میں نئے سال کی تقریبات کے دوران تقریباً 700 سے زائد مختلف ایونٹس منعقد ہوں گے، جن میں ثقافتی فیسٹیولز، تھیٹر شوز، مقابلے، کوئزز، کویسٹس اور کھیلوں کے خصوصی پروگرام شامل ہیں۔ ان کھیلوں کی تقریبات میں بایاتھلون اور کراس کنٹری اسکیئنگ کے اولمپک اور عالمی چیمپئنز بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کیروف کو 2025 کے لیے روس کا نیو ایئر کیپیٹل قرار دیا گیا تھا، جہاں 650ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بھرپور اور رنگا رنگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ 7 جنوری 2025 کو اختتامی تقریب کے دوران نیو ایئر کیپیٹل کی علامتی برفانی پھول (اسنو فلیک) ریازان کے حوالے کی گئی۔
ریازان، جو 2025 میں اپنی 930ویں سالگرہ منا چکا ہے، اب ایک بار پھر روس بھر سے آنے والے مہمانوں کے لیے نئے سال کی خوشیوں، ثقافت اور روایت کا مرکز بننے جا رہا ہے۔









