ماسکو(وائس آف رشیا) روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے رات بھر مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے یوکرین کے 168 بغیر پائلٹ فضائی جہاز (ڈرونز) کو تباہ کر دیا۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ 61 ڈرونز برائنسک ریجن میں مار گرائے گئے۔ اس کے علاوہ کراسنوڈار ریجن میں 25، تولا ریجن میں 23، جمہوریہ کریمیا میں 16 ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق ماسکو ریجن میں 12 ڈرونز کو تباہ کیا گیا، جن میں سے 9 ڈرونز ماسکو شہر کی جانب پرواز کر رہے تھے۔ اسی طرح کالوگا ریجن میں 7 ڈرونز کو مار گرایا گیا، جبکہ بحیرہ آزوف کے اوپر 24 یوکرینی ڈرونز تباہ کیے گئے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے اور ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔









