ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں نئے سال 2026 کی تعطیلات کا باقاعدہ آغاز بدھ 31 دسمبر 2025 سے ہو گیا ہے، جو اتوار 11 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ روسی حکومت کے جاری کردہ سرکاری حکم نامے کے مطابق اس مرتبہ شہریوں کو مجموعی طور پر بارہ دن کی طویل تعطیلات میسر ہوں گی۔
روسی لیبر کوڈ کے آرٹیکل 112 کے تحت یکم جنوری سے 6 جنوری اور 8 جنوری نئے سال کی سرکاری تعطیلات میں شامل ہیں، جبکہ 7 جنوری کو آرتھوڈوکس عیسائیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کے باعث عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار تعطیلات کی منتقلی کے باعث 31 دسمبر 2025 اور 9 جنوری 2026 کو بھی غیر کاری دن قرار دیا گیا ہے۔
تاریخی طور پر روس میں نئے سال کا جشن 1700 میں زارِ روس پیٹر اعظم کے فرمان کے تحت یکم جنوری کو منانے کا آغاز ہوا، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ تعطیلات کی نوعیت اور دورانیے میں کئی تبدیلیاں آتی رہیں۔ سوویت دور میں کچھ عرصے کے لیے یکم جنوری کو بھی کام کا دن قرار دیا گیا، لیکن 1947 میں اسے دوبارہ سرکاری تعطیل بحال کر دیا گیا۔
بعد ازاں 1992 میں 7 جنوری (کرسمس) کو بھی سرکاری چھٹی کا درجہ دیا گیا، جبکہ 2013 سے روس میں یکم جنوری سے آٹھ جنوری تک مسلسل تعطیلات کی روایت قائم ہے۔ حالیہ برسوں میں حکومت ہر سال خصوصی حکم نامے کے ذریعے تعطیلات کو اس انداز میں ترتیب دیتی ہے کہ 31 دسمبر بھی عملاً ملک بھر میں تعطیل بن جائے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق 2025–2026 کی تعطیلات روسی عوام کو اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے، سیاحت، تہواروں اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا موقع فراہم کریں گی۔









