روس میں نئے سال 2026 کا پُرجوش استقبال، صدر پوتن کا قوم سے خطاب

ماسکو(شاہد گھمن سے) دنیا بھر کی طرح روس میں بھی نئے سال 2026 کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ اگرچہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ریڈ اسکوائر پر سرکاری طور پر آتش بازی نہیں کی گئی، تاہم اس کے باوجود عوام الناس نے اپنے اپنے علاقوں میں آتش بازی کر کے نئے سال کا جشن منایا۔ دارالحکومت ماسکو سمیت مختلف شہروں میں سڑکیں، رہائشی علاقے اور عوامی مقامات روشنیوں اور خوشی کے مناظر سے بھرے رہے۔

نئے سال کی آمد سے قبل رات 11 بج کر 55 منٹ پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قوم سے براہِ راست ٹیلی وژن خطاب کیا۔ اپنے پیغام میں صدر پوتن نے کہا کہ روسی عوام کی ذاتی امیدیں اور منصوبے مادرِ وطن کی تقدیر سے جڑے ہوئے ہیں، اور قومی ترقی کا راستہ اتحاد اور باہمی اعتماد سے ہو کر گزرتا ہے۔

صدر پوتن نے خصوصی طور پر روسی مسلح افواج اور خصوصی فوجی آپریشن میں شریک اہلکاروں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ روسی عوام کو اپنی افواج پر مکمل یقین ہے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد ہی ملک کی خودمختاری، سلامتی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے عوام کو صحت، خوشحالی، باہمی ہم آہنگی اور محبت کی دعاؤں کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد دی۔

صدر کے خطاب کے بعد ملک بھر میں نئے سال 2026 کا آغاز ہوا۔ اگرچہ ریڈ اسکوائر پر سرکاری آتش بازی نہ ہوئی، لیکن مختلف شہروں اور علاقوں میں عوام نے اپنے طور پر آتش بازی، مبارکبادوں اور خوشی کے اظہار کے ذریعے نئے سال کو امید اور عزم کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں