بیلاروسی صدرنے پوتن کی رہائش گاہ پر حملے کو ریاستی سطح کی دہشت گردی قرار دیا

منسک (وائس آف رشیا) بیلاروس کے صدر الیکزینڈر لوکاشینکو نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کی نووگوروڈ ریجن میں سرکاری رہائش گاہ پر یوکرین کے ڈرون حملے کو وحشیانہ ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

لوکاشینکو نے کہا، “یہ سب سے اعلیٰ سطح پر وحشیانہ دہشت گردی ہے۔ اگر یہ واقعی ویسے ہی پیش کیا جا رہا ہے جیسا بتایا گیا ہے، تو میں سوچ رہا ہوں کہ اس کی ضرورت کس کو ہے؟”۔ ان کے بیان کو ان کے پریس سروس کے قریبی ٹیلیگرام چینل “Pool Pervogo” نے نشر کیا۔

واضح رہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بتایا کہ 28 سے 29 دسمبر کی درمیانی شب یوکرین نے 91 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کے ذریعے روسی صدر پوتن کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔ روسی الیکٹرانک وارفیئر نظام نے تمام ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا، اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اس حملے کی نشاندہی کی اور خبردار کیا کہ اس کارروائی کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی روسی صدر نے کہا کہ یوکرین تنازع کے حل سے متعلق ماسکو کے مذاکراتی مؤقف پر نظرِ ثانی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں