ماسکو (وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر وزارتِ خارجہ روس میں ایک پروقار، رنگا رنگ اور یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی اور بین الاقوامی صحافیوں، سفارتی حلقوں اور مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔


تقریب کا آغاز خوشگوار ماحول میں ہوا جہاں مہمانوں نے ماریہ زخارووا کو پھولوں کے خوبصورت گلدستے اور قیمتی یادگاری تحائف پیش کیے۔ اس موقع پرایڈیٹر”وائس آف رشیا” اور نمائدہ “دنیا نیوز” شاہد گھمن نے بھی ماریہ زخارووا کو پھولوں کا دیدہ زیب گلدستہ اور پاکستان کا روایتی تحفہ پیش کیا، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔ ماریہ زاخارووا نے شاہد گھمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تقریب میں خوش آمدید کہا اور پاکستان کے صحافیوں کے ساتھ پیشہ ورانہ روابط کو سراہا۔




تقریب کا ایک نمایاں اور دلکش لمحہ اس وقت آیا جب ماریہ زخارووا نے تمام مہمانوں کے ہمراہ اپنی پچاسویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر شرکاء نے تالیاں بجا کر انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کیک کٹنگ کی یہ تقریب مہمانوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔


تقریب میں روسی، چینی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے علاقائی اور روایتی رقص پیش کیے، جس سے محفل میں رنگ اور ثقافتی تنوع نمایاں ہوا۔ فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے اور حاضرین نے بھرپور داد دی۔





اس موقع پر مہمانوں کی تواضع کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا تھا، جہاں مختلف اقسام کے کھانوں اور مشروبات پیش کیے گئے۔ شرکاء نے نہ صرف تقریب کے بہترین انتظامات کو سراہا بلکہ اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ایسی تقاریب صحافیوں اور سفارتی برادری کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ماریہ زاخارووا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روسی اور غیر ملکی صحافیوں کی شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، اور ایسی تقریبات مختلف ممالک کے درمیان مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صحافیوں اور سفارتی اداروں کے درمیان تعاون کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔











