ماسکو میں الیکٹروبس انقلاب، 2025 میں 100 سے زائد نئے روٹس، نیا ریکارڈ قائم

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی دارالحکومت ماسکو میں الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کی ترقی نئی بلندیوں کو پہنچ گئی۔ سال 2025 کے دوران موسگورترا نس نے 100 سے زائد نئے الیکٹروبس روٹس کا آغاز کیا، جو 2018 میں اس پروگرام کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑا سالانہ ریکارڈ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں الیکٹروبسز نے 71 روٹس پر روایتی بسوں کی جگہ لی تھی، جبکہ 2025 میں یہ تعداد تقریباً ڈیڑھ گنا زیادہ رہی۔ اس وقت ماسکو کے 35 فیصد سے زائد پبلک ٹرانسپورٹ روٹس مکمل طور پر الیکٹروبسز کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں، جن پر روزانہ 10 لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں۔

شہر کی سڑکوں پر اس وقت 2 ہزار 700 سے زائد الیکٹروبسز رواں دواں ہیں۔ 2025 میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے، جن میں 500 سے زائد روسی ساختہ الیکٹروبسز کی شمولیت شامل ہے۔

اسی سال پہلی مرتبہ نئی نسل کے KAMAZ-52222 (A5) ماڈل کے 350 سے زائد جدید الیکٹروبسز مختلف روٹس پر متعارف کرائے گئے، جن میں کشادہ اندرونی جگہ، جدید دروازے اور دستی سامان کے لیے مخصوص جگہیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 117 الٹرا فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے گئے، جس کے بعد ماسکو میں ان کی مجموعی تعداد 465 ہو گئی، جو 267 الیکٹروبس روٹس کی بلا تعطل سروس کو یقینی بناتے ہیں۔

2025 میں نائٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کے حامل منفرد الیکٹروبسز کی آزمائش بھی شروع کی گئی، جن میں LiAZ-6274 اور KAMAZ-6282 شامل ہیں۔ زیلینوگراد میں پہلی بار اسی ٹیکنالوجی سے لیس الیکٹروبس کو باقاعدہ سروس میں شامل کیا گیا۔

حکام کے مطابق 2027 کے اختتام تک 1200 سے زائد نئے روسی الیکٹروبسز کی فراہمی کا معاہدہ بھی طے پا چکا ہے، جن میں اکثریت نئی نسل کے KAMAZ ماڈلز پر مشتمل ہو گی۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2018 سے اب تک ماسکو کے الیکٹروبسز پر 90 کروڑ سے زائد سفر کیے جا چکے ہیں، جبکہ 2018 سے 2024 کے درمیان کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 1 لاکھ 90 ہزار ٹن کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق ماسکو نہ صرف یورپ میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا قائد بن چکا ہے بلکہ ایک ایسے مستقبل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے جہاں شہری ہوا زیادہ صاف، سفر پرسکون اور ماحول دوست ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں