ماسکو(وائس آف رشیا) ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے اعلان کیا ہے کہ نئے سال کی شب ماسکو میٹرو بغیر کسی وقفے کے کھلا رہے گا تاکہ شہریوں اور دارالحکومت کے مہمانوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
میئر سرگئی سوبیانن نے اپنے سرکاری چینل پر بتایا کہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ خصوصی شیڈول کے تحت کام کرے گی، تاکہ لوگ باآسانی گھروں، مہمانوں اور تقریبات تک پہنچ سکیں۔
میئر کے مطابق، میٹرو، ماسکو سینٹرل رنگ (MCC) اور زمینی عوامی ٹرانسپورٹ کے 116 اہم بس و الیکٹرک بس روٹس جبکہ 18 ٹرام روٹس (بشمول T1) پوری رات بلا تعطل چلیں گے۔ اس کے علاوہ تمام 18 نائٹ روٹس معمول کے مطابق فعال رہیں گے۔
جبکہ ماسکو سینٹرل ڈایامیٹرز (MCD) کی سروس کا وقت رات 3 بجے تک بڑھا دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 31 دسمبر شام 8 بجے سے یکم جنوری صبح 6 بجے تک میٹرو، MCC اور زمینی ٹرانسپورٹ میں سفر مکمل طور پر مفت ہوگا، تاہم MCD پر سفر موجودہ کرایوں کے مطابق ہوگا۔
میئر سوبیانن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ شہری پہلے نئے سال کی خوشیاں گھروں یا مہمانوں کے ساتھ منائیں اور بعد ازاں شہر کی سڑکوں اور پارکوں میں جشن کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
نئے سال کی شب میٹرو اسٹیشنز، ایسکلیٹرز اور داخلی راستوں پر صدرِ روس ولادیمیر پوتن کا خصوصی خطاب براہِ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ اسکرینوں پر ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کا تہنیتی پیغام بھی دکھایا جائے گا۔
ادھر کرسمس کی رات (6 اور 7 جنوری) کو بھی ٹرانسپورٹ کے اوقات میں توسیع کی جائے گی۔ اس موقع پر میٹرو اور MCC رات 2 بجے تک جبکہ زمینی ٹرانسپورٹ رات ساڑھے 3 بجے تک چلتی رہے گی۔ MCD کی سروس بھی رات 3 بجے تک دستیاب ہوگی۔
اس کے علاوہ، 31 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک ماسکو میں پارکنگ مکمل طور پر مفت رہے گی۔
جبکہ 11 جنوری کو اتوار کے نرخ لاگو ہوں گے، سوائے اُن پارکنگ مقامات کے جہاں بلند یا متحرک ٹیرف نافذ ہے۔ شٹر والی پارکنگ معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی۔
ماسکو انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات نئے سال اور تعطیلات کے دوران شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔









