ماسکو (وائس آف رشیا) روسی حکام نے واٹس ایپ کے خلاف جاری حکومتی اقدامات کو قومی سلامتی، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو روسی قوانین کی مکمل پابندی کرنا ہوگی، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
روسی کمیونیکیشن ریگولیٹر روسکومنادزور کے مطابق واٹس ایپ طویل عرصے سے روسی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، خاص طور پر وہ قوانین جو دہشت گردی، انتہا پسندی، آن لائن فراڈ اور منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق ہیں۔
سلامتی اداروں کا مؤقف
روسکومنادزور کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ جیسے غیر ملکی میسجنگ پلیٹ فارمز کو روس میں شدت پسند نیٹ ورکس، غیر قانونی بھرتیوں، مالی دھوکہ دہی اور سائبر جرائم کے لیے استعمال کیے جانے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ کمپنی روسی قانون کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون سے انکار کرتی رہی ہے۔
ریگولیٹر کے مطابق
“ڈیجیٹل آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی پلیٹ فارم ریاستی قوانین، عدالتی فیصلوں اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو نظر انداز کرے۔”
ڈیٹا تحفظ اور خودمختاری کا مسئلہ
روسی حکام کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ سمیت متعدد غیر ملکی ایپس صارفین کا ڈیٹا روس سے باہر منتقل کرتی ہیں، جو ڈیجیٹل خودمختاری اور شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے اصولوں کے منافی ہے۔
روس کا مؤقف ہے کہ تمام ڈیجیٹل سروسز کو صارفین کا ڈیٹا روس کے اندر محفوظ کرنا ہوگا، عدالتی احکامات پر تعاون کرنا ہوگا اوردہشت گردی اور فراڈ سے متعلق معلومات فراہم کرنی ہوں گی
رفتار میں کمی: تکنیکی اقدام
روسی حکام نے واٹس ایپ کی رفتار میں کمی کو انتظامی اور تکنیکی اقدام قرار دیا ہے، جس کا مقصد کمپنی کو قوانین پر عمل درآمد کے لیے مجبور کرنا ہے، نہ کہ عام صارفین کو بلاوجہ نشانہ بنانا۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات عارضی ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ واٹس ایپ روسی قوانین کی مکمل تعمیل کرے۔
غیر ملکی پلیٹ فارمز پر دوہرا معیار
روسی وزارتِ ڈیجیٹل ترقی کا کہنا ہے کہ بعض غیر ملکی کمپنیاں آزادی اظہار کا نعرہ لگاتی ہیں، مگر روسی قوانین کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی ہیں، جبکہ وہی کمپنیاں دیگر ممالک میں مقامی قوانین کی مکمل پابندی کرتی ہیں۔
مقامی متبادل کی تیاری
روسی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل استحکام کے لیے ملکی متبادل ناگزیر ہیں۔ اسی تناظر میں ’میکس‘ نامی ایک قومی میسجنگ ایپ متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جوروسی قوانین کے مطابق ہوگی اور صارفین کے ڈیٹا کو ملک کے اندر محفوظ رکھے گی جبکہ ریاستی اور نجی شعبے دونوں کی ضروریات پوری کرے گی
واضح پیغام
روسی حکام نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ روس میں کام کرنے والی ہر ڈیجیٹل کمپنی کو روسی قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔ کوئی بھی پلیٹ فارم قانون سے بالاتر نہیں۔
حکام کے مطابق اگر واٹس ایپ نے تعاون نہ کیا تو اس کے خلاف مزید سخت پابندیاں یا مکمل بندش کا امکان بھی موجود ہے۔









