راولپنڈی (وائس آف رشیا) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے سات دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے میر علی میں پہلی کارروائی میں چھ دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دوسرا آپریشن سپن وام میں خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور دیگر ادارے وژن ‘اعظم استحکام’ کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں ہونے والی کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور سات دہشتگردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں، قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔









