کوئٹہ (وائس آف رشیا) بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے بچوں کی صحت سے متعلق تین روزہ نیشنل پیڈیاٹرک کانفرنس 2025 کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبے اور ملک بھر سے آئے ماہرِ اطفال، ڈاکٹرز اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں گورنر بلوچستان نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈاکٹرز کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈاکٹرز ہفتے میں کم از کم ایک روز غریب اور مستحق مریضوں کا بلا معاوضہ معائنہ کریں تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو بھی مناسب طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب بھی زچہ و بچہ کی شرح اموات تشویش ناک ہے، جس میں کمی کے لیے بنیادی طبی اصولوں پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت اور حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایک صحت مند نسل تیار کی جا سکے۔
اختتامی لمحات میں گورنر نے کانفرنس کے منتظمین، مہمانوں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔









