اسلام آباد میں روسی کلاسیکل کنسرٹ ، پاک روس ثقافتی تعلقات کا خوبصورت اظہار

اسلام آباد (وائس آف رشیا) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں روسی کلاسیکل موسیقی کا خصوصی کنسرٹ منعقد ہوا، جو 27 نومبر کو ہونے والے پاک–روس بین الحکومتی کمیشن کے دسویں اجلاس سے ایک روز قبل دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں روس کے وزیرِ توانائی سرگئی سیویلیوف نے خصوصی شرکت کی، جب کہ پاکستان میں روس کے سفیر البرت خورِیف (Albert Khorev) بھی مہمانانِ خصوصی میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے سابق سفیر برائے روس محمد خالد جمالی موجودہ سفیرفیصل نیاز ترمذی نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

کنسرٹ میں روسی فنکاروں نے کلاسیکی موسیقی کے دلکش پروگرام پیش کیے جنہیں حاضرین کی جانب سے بھرپور داد ملی۔ اس موقع پر وہ روسی ریسکیو رضاکار بھی شریک ہوئے جنہوں نے 2005 کے ہولناک زلزلے کے دوران پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔ ایک روسی خاتون خلا نورد کی موجودگی نے بھی تقریب کو منفرد بنا دیا۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور روس کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں