واشنگٹن(وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے مجوزہ امن معاہدے کے لیے کسی حتمی ڈیڈ لائن کا تعین نہیں کیا گیا، اور اگر ڈیل طے پا گئی تو اس کے مثبت اثرات دونوں ممالک پر پڑیں گے۔
صدر ٹرمپ نے فضائی سفر کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ یورپی ممالک مجوزہ سکیورٹی گارنٹیوں میں مکمل طور پر شریک ہوں گے۔ ان کے مطابق، یوکرین مذاکراتی پیشرفت سے مطمئن ہے اور امریکہ کوشش کر رہا ہے کہ باقی معاملات بھی جلد طے پا جائیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور روسی صدر پوتن سے براہِ راست ملاقات کے خواہاں ہیں تاکہ مذاکراتی عمل مزید تیز ہوسکے۔
امریکی صدر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو روسی صدر پوتن سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد 28 نکاتی امن منصوبے کو حتمی شکل دینا ہے، جس کا بنیادی خاکہ امریکہ نے تیار کیا تھا۔
ٹرمپ کے مطابق، روس اور یوکرین کی طرف سے ملنے والی اضافی تجاویز کو شامل کرتے ہوئے مسودہ کافی حد تک اپ ڈیٹ ہو چکا ہے، تاہم چند اہم نکات اب بھی حل طلب ہیں۔









