پاکستان کے روس میں تعینات سفیرفیصل نیاز ترمزی کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات

اسلام آباد(وائس آف رشیا) پاکستان کے روس میں نامزد سفیر فیصل نیاز ترمزی نے آج ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے فیصل نیاز ترمزی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے روس کو پاکستان کا ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر کی ذمہ داریاں سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔

صدر زرداری نے دوطرفہ تجارت میں حالیہ کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سفیر کو ہدایت کی کہ توانائی، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور زرعی تعاون کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے خطے کے اہم معاملات، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی اور رابطہ کاری (کنیکٹیویٹی) پر روسی قیادت سے قریبی مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، خلا، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

صدرپاکستان نے کہا کہ روسی جامعات اور اداروں سے اسکالرشپس اور تربیتی مواقع حاصل کرنے کے لیے فعال رابطے کیے جائیں تاکہ پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے روس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی فلاح، سیاحت کے فروغ اور روسی میڈیا و تھنک ٹینکس کے ساتھ مؤثر رابطوں کی بھی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کا مؤقف بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

صدر آصف علی زرداری نے نامزد سفیر کو ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا دی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں