پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کا انحصار خطے میں امن و استحکام پر ہے، اسحاق ڈار کا ایس سی او اجلاس میں خطاب

ماسکو(وائس آف رشیا) شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے خطے میں معاشی تعاون، دیرپا ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کا وژن پیش کیا۔

اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں علاقائی رابطوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی، ڈیجیٹل معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں ایس سی او کی جاری اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی معاشی راہداریوں اور عملی تعاون کی مضبوط بنیادیں قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ غربت کے خاتمے، سماجی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ماحولیاتی و آب و ہوا سے متعلق مسائل کا حل مشترکہ کوششوں کے ذریعے ممکن ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کا انحصار خطے میں امن و استحکام پر ہے، جس کے لیے پاکستان ہمیشہ تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں