لاہور میں روسی ادیب لیو ٹالسٹائے کو خراجِ عقیدت — روسی سینٹر برائے سائنس، تعلیم و ثقافت میں خصوصی تقریب کا انعقاد

لاہور(وائس آف رشیا) رشین سینٹر برائے سائنس، تعلیم و ثقافت لاہورمیں روس کے عظیم فلسفی اور ادیب لیو ٹالسٹائے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت ڈاکٹر شاہد حسن، سفیرِ روس برائے سائنس و تعلیم، نے کی۔

تقریب میں ممتاز ماہرینِ تعلیم و ادب نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید، ڈاکٹر ہرمن روبارگھ (آسٹریلیا)، ڈاکٹر شانتی کمار (سری لنکا)، ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر افتخار بخاری، ڈاکٹر ندیم بھٹی، علامہ صدیق اظہر اور محمد تحسین شامل تھے۔
مقررین نے ٹالسٹائے کی زندگی، فلسفہ اور ادب پر اظہارِ خیال کیا۔
اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر سعادت سعید نے کہا کہ ٹالسٹائے نے فن اور مذہب کے درمیان رشتہ قائم کیا اور فن کو اخلاقی اصولوں کے تابع انسانی سرگرمی قرار دیا۔

ڈاکٹر اشرف نظامی کے مطابق ٹالسٹائے کی زندگی انسان دوستی، سچائی اور محبت کا روشن استعارہ ہے۔
جبکہ ڈاکٹر شانتی کمار نے کہا کہ ٹالسٹائے روس کے اُن عظیم ادیبوں میں شامل ہیں جنہوں نے انسانی جذبات کو حقیقت کے قریب ترین انداز میں پیش کیا۔

اختتامی کلمات میں ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ روسی ادب دنیا بھر کے قارئین کے لیے اخلاقی اور فکری رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان علمی و ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے آخر میں ڈاکٹر عبد القدوس نے پی ایم اے کی جانب سے تحائف پیش کیے، جبکہ ثنا شیخ نے فیض احمد فیضؔ کی شاعری اور گیت پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں