سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا کازان فیڈرل یونیورسٹی کا دورہ ، تعلیم اور تحقیقی تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو

ماسکو(وائس آف رشیا) روس اور پاکستان کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اور اہم قدم،
کازان میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کازان فیڈرل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے دوران مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور اسکالرشپ پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کازان فیڈرل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا استقبال یونیورسٹی کے فرسٹ وائس ریکٹر دمتری تایورسکی اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سربراہ اولگا اناطولیونا نے کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب نے طلبہ کے تبادلے، اسکالرشپ پروگرامز، اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر کازان فیڈرل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی اسکالرشپ یافتہ طلبہ عرفان اور احتشام نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اپنے تجربات اور تعلیمی کامیابیوں کے بارے میں سفیر کو آگاہ کیا۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ تعلیم اور نوجوان نسل کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا پاک روس دوستی کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے روسی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ علم و تحقیق کے ذریعے دونوں ممالک ایک روشن مستقبل کی سمت بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں