قازان (وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے دورہ کازان کے دوران تاتارستان انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ ایجنسی کا دورہ کیا، جہاں اسلامی ممالک کے دیگر سفراء کے ہمراہ انہیں جمہوریہ تاتارستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت اور مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، خاص طور پر علاقائی تعاون اور جمہوریہ تاتارستان کے ساتھ روابط میں بے پناہ امکانات موجود ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی قدریں اور روایات مشترک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کاروباری برادری اور عوامی سطح پر روابط (Business-to-Business اور People-to-People Contacts) کو مضبوط بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی ان دنوں بین الاقوامی ثقافتی میلہ “رشیا-ایسٹ” (ایسٹرن بازار اِن کازان) میں شرکت کے لیے کازان کے دورے پر ہیں، جس میں مختلف ممالک کے وفود شریک ہیں۔











