قازان (وائس آف رشیا) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے روس میں سفیر فیصل نیاز ترمذی کا قازان ایئرپورٹ پر پرتپاک اور روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم انٹرنیشنل فیسٹیول آف نیشنل کلچرز “روس-مشرق” کے جنرل پروڈیوسر اور آر۔ وگا پوف فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر رفعت فتاخوف، فیسٹیول کے منتظمین، اور تاتار نیشنل فوک اینسمبل کے اراکین نے کیا۔
استقبال کے موقع پر تاتار نیشنل فوک اینسمبل کے فنکاروں نے روایتی تاتار دھنوں پر رقص پیش کر کے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہا۔
موسیقی اور رقص کا یہ خوبصورت امتزاج پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور دوستی کی علامت قرار دیا گیا۔
ایئرپورٹ کے ہال میں “خوش آمدید پاکستان” کے بینرز آویزاں تھے.
سفیر فیصل نیاز ترمذی قازان کے اپنے اس دورے کے دوران انٹرنیشنل فیسٹیول آف نیشنل کلچرز “روس-مشرق” (Eastern Bazaar in Kazan) میں شرکت کر رہے ہیں، جو 11 اور 12 نومبر 2025 کو منعقد ہو رہا ہے۔
یہ فیسٹیول روس کے مختلف خطوں اور مشرقی ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، فنونِ لطیفہ کے تبادلے اور مشترکہ تہذیبی ورثے کے فروغ کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم ہے۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی فیسٹیول کے دوران مختلف اجلاسوں اور ثقافتی تقریبات میں شرکت کے علاوہ تاتارستان کے اعلیٰ حکام، دانشوروں اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور تاتارستان کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون کے نئے امکانات، طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر بات چیت متوقع ہے۔
یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ حال ہی میں سفیر پاکستان نے روس کے مختلف شہروں، بشمول سمارا اور کالوگا، کا دورہ کیا ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق فیصل نیاز ترمذی کا یہ دورہ پاکستان-روس عوامی و ثقافتی سفارتکاری کے نئے باب کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔










