یورپی کمیشن کا روسی شہریوں کو ملٹی پل شینگن ویزے جاری کرنے پر پابندی کا اعلان

برسلز (وائس آف رشیا) یورپی کمیشن نے روسی شہریوں کو نئے “ملٹی پل انٹری شینگن ویزے” جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کمیشن کے ترجمان مارکس لامَرٹ نے برسلز میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ فیصلہ 6 نومبر کو کیا گیا جو جمعہ سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جن روسی شہریوں کے پاس پہلے سے ملٹی پل شینگن ویزے موجود ہیں، وہ متاثر نہیں ہوں گے، تاہم آئندہ ہر سفر کے لیے روسی شہریوں کو نیا ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

یورپی کمیشن کے مطابق یہ پابندی ان روسی شہریوں پر لاگو نہیں ہوگی جن کے اہلِ خانہ یورپی یونین میں مقیم ہیں۔ اسی طرح مال بردار ٹرک، بس یا ٹرین کے ڈرائیورز بھی اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
علاوہ ازیں، یورپی ممالک ایسے روسی شہریوں کو بھی ملٹی پل ویزے جاری کر سکیں گے جن کی “برسلز کے ساتھ وفاداری” پر کوئی شک نہیں۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “لگتا ہے یورپی کمیشن کو روسی سیاحوں کی ضرورت نہیں۔ مغربی یورپ کو اُن لوگوں کی فکر ہے جو سوشل بینیفٹس پر زندہ ہیں، لیکن اُن سیاحوں کی نہیں جو اپنے پیسے سے سفر کرتے ہیں۔”

روس کے ٹریول انڈسٹری یونین (PCT) کے مطابق پابندی سے پہلے بھی روسی سیاحوں کو شاذ و نادر ہی ملٹی پل شینگن ویزے ملتے تھے، اس لیے اس فیصلے سے سیاحت کے رجحان پر خاطر خواہ اثر نہیں پڑے گا۔
ٹریول ایگریگیٹرز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر الیگزینڈر براگن اور VCP ٹریول کے سی ای او میکائل آباسوف نے بھی کہا کہ یہ فیصلہ پہلے سے ہی کمزور یورپی سیاحتی رجحان کو مزید متاثر نہیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں