پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرا ٹی 20 میچ ہرا کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی

لاہور(وائس آف رشیا) فیصلہ کن ٹی 20 معرکے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی۔

میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا، قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، میچ سے قبل گراؤنڈ میں ڈینگی سپرے بھی کیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 139 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے 34اور کپتان ڈونووان فریرا 29رنز ،ڈیوالڈ بریوس نے 21اور اینڈائل سمیلنے 13رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اِسی طرح میتھیو بریٹزکی نے 1، لیزاد ولیمز نے 5رنز بنائے جب کہ کوربن بوش30رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3وکٹیں، فہیم اشرف اور ڈیبیو کرنے والے عثمان طارق نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ8 رنز پر گری جب صائم ایوب بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، بعدازاں سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کیا، سلمان علی آغا نے 33رنز، بابر اعظم نے 68رنز بنائے۔

اسی طرح حسن نواز5، محمد نواز بغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، یوں قومی ٹیم نے اپنا 140رنزکا ہدف 19 اوورز میں مکمل کرلیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے میرے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پر اتفاق کرلیا؛ صدر ٹرمپ

واشنگٹن (وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں غزہ جنگ بندی کے حوالے سے آج کے دن کو تاریخی قرار دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں قیام امن کے لیے میرے 20 نکاتی امن منصوبے پر رضامندی ظاہر کردی۔

20 نکاتی امن منصوبے پر اتفاق؛ نیتن یاہو کا شکریہ

صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ جنگ بندی کے لیے میری تجویز کو غور سے سنا اور اتفاق کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر حماس بھی اس 20 نکاتی منصوبے کو قبول کرلیتی ہے تو تمام اسرائیلی یرغمالی رہا ہوجائیں گے۔

امریکی صدر کی حماس کو دھمکی

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ حماس ایسا کرنے کو تیار ہے لیکن انھیں ایسا کرنے میں 72 گھنٹے سے زیادہ کا وقت نہیں لگنا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے یہ تجویز نہ مانی تو اسرائیل کے پاس ملٹری طاقت استعمال کرنے کا پورا حق ہوگا اور امریکا اس کی مدد کرے گا۔

انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر تمام اسرائیلی یرغمالی رہا ہوگئے تو فوراً ہی غزہ جنگ خود بخود اور فوراً ہی ختم ہوجائے گی۔

عرب دنیا غزہ کو غیر عسکری زون بنانے پر متفق

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک غزہ کو غیر عسکری زون بنانے پر متفق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غزہ کا ایک نیا عبوری انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا اور تمام فریقین اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کے لیے ایک متفقہ ٹائم لائن طے کریں گے۔

ٹرمپ بورڈ آف پیس کے سربراہ ہوں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ کی بحالی اور نگرانی کے لیے نیا بین الاقوامی ادارہ “بورڈ آف پیس” بنایا جائے گا جس میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر سمیت دیگر شخصیات شامل ہوں گی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ادارہ غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے فریم ورک تیار کرے گا اور فنڈنگ کا انتظام سنبھالے گا، جب تک فلسطینی اتھارٹی اصلاحاتی پروگرام مکمل نہیں کر لیتی۔ نیا حکومتی ڈھانچہ فلسطینیوں اور عالمی ماہرین پر مشتمل ہوگا۔

امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی تعمیرِ نو اور نگرانی کے لیے قائم کیے جانے والے عبوری “بورڈ آف پیس” کے سربراہی کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ نہیں تھا بلکہ عرب دنیا اور اسرائیل سمیت تمام فریقین نے ان سے یہ ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی۔

امریکی صدر کے بقول: یقین کریں، میں بہت مصروف ہوں، لیکن پھر بھی میں نے یہ ذمہ داری قبول کی۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ یہ معاہدہ غزہ میں دیرپا امن قائم کرنے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ابراہام معاہدوں میں ایران بھی شامل ہوگا

امریکی صدر نے ابراہیم معاہدوں کو خطے میں امن کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ایران بھی اس کا حصہ بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 2020 میں طے پانے والے ابراہیم معاہدوں کے تحت متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے تھے۔

نیتن یاہو  فلسطینی ریاست کے حق میں نہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطین کی علیحدہ اور خودمختار ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے مغربی ممالک کا پاگل پن قرار دیتے ہوئے اس تصور کو مسترد کرچکے ہیں۔

ہمیشہ نیند میں رہنے والے جوبائیڈن کچھ نہ کرپائے

صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں مخالف رہنما اور سابق صدر جوبائیڈن پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے لیے جو کچھ میں نے کیا وہ کوئی نہ کرسکا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیشہ نیند میں رہنے والے جوبائیڈن کبھی غزہ کا مسئلہ حل نہیں کرپاتے۔ اگر اس وقت میں صدر ہوتا تو یہ جنگ شروع ہی نہ ہوتی۔

امریکی صدر کے 20 نکاتی امن منصوبے سے غزہ میں جنگ بندی ممکن ہوگی، وزیراعظم

لندن (وائس آف رشیا) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلیے امریکی صدر کی جانب سے پیش کیے گئے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر کی جانب غزہ میں جنگ بندی کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ نے ایک ایسا 20 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس سے غزہ میں جنگ بندی یقینی ہوجائے گی اور میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں خود اس بات کا خواہش مند ہوں کہ فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ ہو تاکہ سیاسی استحکام آئے اور خطے میں معاشی ترقی ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس بات کا پورا یقین ہے کہ امریکی صدر غزہ کے معاملے کو حقیقی انداز سے دیکھتے ہوئے ہر طرح کی مدد کیلیے بھی تیار ہیں۔

شہباز شریف نے لکھا کہ میں صدر ٹرمپ کی قیادت اور اس جنگ کے خاتمے میں خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف کے اہم کردار کا معترف ہوں اور میرا یہ بھی پختہ یقین ہے کہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی تجویز پر عمل درآمد ضروری ہے۔

پاکستان سمیت 20 سے زائد ممالک نے برکس میں دلچسپی ظاہرکی ہے، روس

ماسکو(وائس آف روس) روس کے صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے میڈیا کو بتایا کہ 20 سےزائد ممالک برکس گروپ کے ساتھ نظامی بات چیت میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے دروازے ہم خیال ممالک کے لیے کھلے ہیں۔ اس وقت، دو درجن سے زیادہ ممالک نے برکس کے ساتھ نظامی بات چیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے.

جن میں آذربائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، برکینا فاسو، کمبوڈیا، چاڈ، کولمبیا، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، ہونڈوراس، لاؤس، کویت، مراکش، میانمار، نکاراگوا، پاکستان، فلسطین، سینیگال، جنوبی سوڈان، سری لنکا، شام، وینزویلا اور زمبابوے شامل ہیں.انہوں نے کہا کہ اریٹیریا بھی برکس کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بتدریج، ہم آہنگی اور درست اقدامات کی ضرورت ہے۔

جنوبی افریقا سے ٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد کپتان محمد رضوان کا نیا عزم

لاہور(وائس آف رشیا) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے مگر ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

پارل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹی 20 کے بعد اب ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے اچھی تیاری ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے میں ہمارا ردھم اچھا ہے اور اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، ہم آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیت چکے ہیں اور جنوبی افریقا کو شکست دینا ہمارا ہدف ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹج ہوگا اور ہمیں اُس کو ہرانے کیلیے ہر شعبے میں اچھی پرفارمنس دینا ہوگی۔

کپتان نے ٹیم میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم کے اندر ’میں‘ نہیں ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے، ہمارے سارے کھلاڑی کپتان ہیں اور متحد ہیں جبکہ ٹیم ورک بھی بہترین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل جونیئر یا سینئر سب کا فوکس فتح پر ہے، کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ہر جگہ الگ کنڈیشن میں کھیل رہے ہیں اور ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں