واشنگٹن (وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائیجیریا میں عیسائیوں کے قتلِ عام کے واقعات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نائیجیرین حکومت نے “اسلامی دہشت گردوں” کے خلاف کارروائی نہ کی تو امریکہ فوجی آپریشن شروع کر سکتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اگر نائیجیریا کی حکومت نے عیسائیوں کے قتل کی اجازت دینا جاری رکھا تو امریکہ فوری طور پر تمام امداد بند کر دے گا اور ممکن ہے کہ ہم اس بدنام ملک میں داخل ہو کر ان اسلامی دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پینٹاگون کو “ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری” کا حکم دے دیا ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ہم حملہ کریں گے تو وہ تیز، سخت اور فیصلہ کن ہوگا ، بالکل ویسے ہی جیسے یہ دہشت گرد ہمارے پیارے عیسائیوںپر حملہ کرتے ہیں،
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ نائیجیریا میں عیسائیوں کا وجود خطرے میں ہے اور امریکہ انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔
دوسری جانب نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مذہبی رواداری موجود ہے اور حکومت ہر شہری کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتی ہے۔ تینوبو کے مطابق نائیجیریا میں مذہب کی بنیاد پر کسی قسم کی زیادتی یا امتیاز کی حکومتی سرپرستی نہیں کی جاتی۔









