یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیر الائنس فورم ماسکوزیراہتمام آن لائن عالمی کشمیر کانفرنس 27 اکتوبر کو منعقد ہوگی

ماسکو (وائس آف رشیا)
کشمیر الائنس فورم ماسکو کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر 2025 کو یومِ سیاہ کے موقع پر دسویں آن لائن عالمی کشمیر کانفرنس منعقد ہوگی۔ اس اہم بین الاقوامی اجلاس میں دنیا بھر سے ممتاز کشمیری و پاکستانی شخصیات، انسانی حقوق کے کارکنان، اور تجزیہ نگار شریک ہوں گے۔

کانفرنس کی صدارت صدر کشمیر الائنس فورم ماسکو اورسینئر صحافی شاہد گھمن کریں گے جو اس تقریب کے میزبان بھی ہوں گے۔ یہ آن لائن کانفرنس پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے زوم (Zoom) پلیٹ فارم پر منعقد ہوگی۔

شرکائے کانفرنس اور ان کا تعارف

لارڈ نذیر احمد (برطانیہ)
لارڈ نذیر احمد برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن اور معروف کشمیری نژاد سیاستدان ہیں۔ انہوں نے برطانوی ایوانِ بالا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انسانی حقوق کے تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و انصاف کے لیے ان کی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

علی رضا سید (بیلجیئم)
چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین، علی رضا سید یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک مؤثر آواز ہیں۔ وہ برسلز، جنیوا، اور دیگر یورپی دارالحکومتوں میں کشمیر سے متعلق آگاہی مہمات اور کانفرنسوں کے منتظم رہ چکے ہیں۔

غزالہ حبیب (امریکہ)
چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (USA)، غزالہ حبیب ایک ممتاز کشمیری نژاد سماجی رہنما اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔ وہ امریکہ میں کشمیری کمیونٹی کی نمائندہ آواز ہیں اور اقوامِ متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہی ہیں۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ (پاکستان)
ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ پاکستان کے معروف سیاستدان، سماجی رہنما، اور سابق وزیر برائے لیبر و انسانی وسائل، حکومتِ پنجاب رہ چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں مزدوروں کے حقوق، سماجی بہبود، اور عوامی صحت کے منصوبوں پر بھرپور کام کیا۔
ڈاکٹر چیمہ انسانی حقوق، تعلیم، اور صحت کے فروغ میں نمایاں خدمات کے حامل ہیں اور عالمی فورمز پر کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کے حامی ہیں۔ وہ پاکستان میں نوجوان قیادت کو متحرک کرنے اور عوامی آگاہی مہمات میں سرگرم رہتے ہیں۔

راجہ مختار احمد سونی (اسپین)
صدرندائے کشمیر اسپین، راجہ مختار احمد سونی یورپ میں کشمیری کمیونٹی کے متحرک رہنما ہیں۔ وہ اسپین اور دیگر یورپی ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی و سفارتی سطح پر سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی تنظیم “ندائے کشمیر” کشمیری مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی آگاہی مہمات میں سرگرم ہے۔

الطاف حسین وانی (پاکستان/آزاد کشمیر)
چیئرمین کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR)، الطاف حسین وانی ایک ممتاز ماہرِ معاشیات اور انسانی حقوق کے علمبردار ہیں۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) اور جنیوا میں مختلف بین الاقوامی فورمز پر 2005 سے 2025 تک مسئلہ کشمیر پر مؤثر نمائندگی کی۔ وہ ورلڈ مسلم کانگریس کے مستقل نمائندے اور سابقہ IIFSO (International Islamic Federation of Student Organizations) کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں۔
وانی صاحب نے “Conciliation Resources” لندن کے ساتھ مل کر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف عوامی رابطوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سید منظور حسین شاہ (مقبوضہ کشمیر)
چیئرمین اتحاد اسلامی مقبوضہ کشمیر، سید منظور حسین شاہ مقبوضہ وادی میں مزاحمتی تحریک کے فکری رہنما تصور کیے جاتے ہیں۔ وہ کشمیری عوام کی خودارادیت اور مذہبی و سیاسی حقوق کے لیے دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

ملک شہباز (روس)
صدرپاکستان کمیونٹی روس، ملک شہباز روس میں پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور سماجی ترقی کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ روس میں پاکستانی ثقافتی سرگرمیوں اور پاک روس تعلقات کے فروغ کیلئے مشعل راہ ہیں۔

ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان (آزاد کشمیر)
ڈائریکٹرکشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ مظفرآباد، ڈاکٹر سجاد خان ایک تجربہ کار محقق اور پالیسی ماہر ہیں جنہوں نے کشمیر کے تنازعے پر متعدد تحقیقی مقالے اور رپورٹس تحریر کی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی (پاکستان)
پروفیسر آف آرتھوپیڈک سرجری، سابق صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (مرکزی)، صدر ایسوسی ایشن آف پاکستانی گریجویٹس فرام رشیا اینڈ سی آئی ایس، اور چیئرمین بین الاقوامی تعلقات، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن۔
ڈاکٹر اشرف نظامی بین الاقوامی طبی برادری میں پاکستان کی نمایندگی کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مسئلے پر بھی مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیموں نے انسانی حقوق اور عالمی امن کے لیے مختلف فورمز پر کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر زاہد علی خان (روس)
سینئر تجزیہ نگار اور روس میں مقیم پاکستانی اسکالر، ڈاکٹر زاہد علی خان روس-پاک تعلقات اور جنوبی ایشیائی امور کے ماہر ہیں۔ وہ کئی روسی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں میں تجزیاتی تحریریں اور انٹرویوز دیتے ہیں۔

ارسلان اصغر (روس)
جنرل سیکریٹری کشمیر الائنس فورم ماسکو، ارسلان اصغر فورم کے تنظیمی معاملات اور بین الاقوامی رابطہ کاری کے ذمہ دار ہیں۔ وہ روس میں پاکستانی و کشمیری نوجوانوں کے درمیان سیاسی آگاہی اور کشمیر کے مسئلے پر علمی مباحث کو فروغ دے رہے ہیں۔

کانفرنس کا مقصد
کانفرنس کا مقصد دنیا بھر کے ماہرین، رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنان کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر مسئلہ کشمیر کے حل، بھارتی مظالم کے خاتمے، اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
اس موقع پر 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام — جس کے تحت کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی گئی — پر تفصیلی گفتگو ہوگی، جب کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

کانفرنس کے میزبان
شاہد گھمن — سینئر صحافی، نمائندہ دنیا نیوز روس، اور صدر کشمیر الائنس فورم ماسکو
وہ پچھلے تین برسوں میں دس سے زائد عالمی و آن لائن کشمیر کانفرنسوں کی میزبانی کر چکے ہیں جن کے ذریعے روس سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا۔

کشمیر الائنس فورم ماسکو کا یہ مسلسل سلسلہ عالمی برادری کے لیے یہ یاددہانی ہے کہ کشمیر ایک غیر حل شدہ بین الاقوامی تنازع ہے جس کا پُرامن حل جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں