ماسکو(وائس آف رشیا) روس نے بھارتیوں کو روس میں بغیر ویزہ انٹری کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 2025کے آغاز سے بھارت کے شہری روس میں بغیر ویزہ کے داخل ہوسکیں گے۔
روس اوربھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے روس نے بھارتی شہریوں کو ویزے کے بغیر انٹری دینے کی اجازت دی ہے۔
جون 2023 میں دونوں ممالک نے ویزا پابندیوں میں کمی کے حوالے سے بات چیت کی تھی، جس کے بعد بھارتی شہری اگست 2023سے روس سے روس کے لیے ای-ویزا کے اہل ہوگئے تھے جس کے اجرا میں تقریبا چار دن لگتے تھے۔ 202 میں روس نے بھارتی شہریوں کو 9,500 ای-ویزا جاری کیے، اوراسی برس 60 ہزار سے زیادہ ہندوستانیوں نے ماسکو کا سفر کیا، جو 2022 کے مقابلے میں 26 فی صد زیادہ ہے۔
تاہم اب روس کے نئے ویزا قوانین نافذ ہونے کے بعد بھارتی شہری بغیر ویزا روس کا سفر کر سکیں گے۔ اس وقت روس ویزا فری انٹری کی سہولت صرف چین اور ایران کے مسافروں کو دیتا ہے، تاہم ہندوستان کے ساتھ بھی2025 سے اس کا آغاز ہو جائے گا۔
دوسری جانب روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں تاہم روس کی جانب سے پاکستانیوں کے لئے ویزہ پالیسیوں میں مزید سختیاں کی جارہی ہیں جبکہ پاکستانیوںکو روس میں بمشکل انٹری دی جارہی اور بیشتر پاکستانیوں کو ائیرپورٹس سے ہی پاکستان ڈیپورٹ کیا جارہا ہے جس پر پاکستانی حکومت بالکل خاموش ہے









